تھانہ صدر مانسہرہ کی حدود میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ، 4 افراد جاں بحق، تمام ملزمان گرفتار

90

تھانہ صدر کی حدود متیال میں زمین کے تنازعے پر پیش آنے والے افسوسناک فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دین ولد عبدالرحمن، عبداللہ ولد سلیمان، حق نواز ولد محمد انور اور رفاقت ولد محمد انور شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کی شناخت سلیمان ولد خدابخش اور ثناءاللہ ولد محمد یونس کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ جس پر ڈی ایس پی سٹی کیڈٹ محمد فاروق اور ایس ایچ او تھانہ صدر لیاقت شاہ نے نفری کے ہمراہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔

پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام نامزد ملزمان — جن میں وحید یونس، سمیع اللہ، ابرار احمد، عبدالستار، حمید یونس اور ثناءاللہ ولد حمید یونس شامل ہیں — کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان سے ابتدائی تفتیش جاری ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں