بنو قابل پروگرام ، روزگار، فری لانسنگ اور باعزت معاشی خودکفالت کے مواقع

43

مانسہرہ : امیر جماعت اسلامی صوبہ ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے کہا ہے کہ “الخدمت اور بنو قابل پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو صرف تعلیم نہیں بلکہ روزگار، فری لانسنگ اور باعزت معاشی خودکفالت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

” وہ مانسہرہ ٹھاکرہ سٹیڈیم میں بنو قابل پروگرام کے تحت منعقدہ ٹیسٹ کے موقع پر ہزاروں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اگلے چند ماہ میں تمام شرکاء مختلف کورسز مکمل کر کے فری لانسنگ یا ملازمت کے قابل ہو جائیں گے۔ یہ منصوبہ صرف تعلیمی نہیں بلکہ ایک جامع روزگار پروگرام ہے جس کے ذریعے ملک بھر کے نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے گا۔

اس موقع پر غزن اقبال خان صدر الخدمت فاؤنڈیشن ہزارہ ریجن نے بھی خطاب کیا عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ مانسہرہ ہزارہ جیسے بڑے علاقے میں تعلیم اور روزگار کے مواقع محدود کر دیے گئے ہیں، کیونکہ “یہاں چند خاندانوں اور برادریوں نے پورے نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔“ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل اب اس استحصالی نظام کے خلاف کھڑی ہوگی ہےاور ایک تعمیری انقلاب برپا کرے گی ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چھ کروڑ سے زائد نوجوان ہیں جو ملک کی اصل قوت ہیں۔ “

یہ نوجوان جب متحد ہوں گے تو پاکستان نہ صرف ترقی کرے گا بلکہ دنیا کی قیادت بھی کرے گا انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ”اگر الخدمت فاؤنڈیشن ایک ضلع میں ہزاروں طلبہ کو آئی ٹی کی مفت تعلیم دے سکتی ہے تو ریاست کیوں نہیں؟ تعلیم خیرات نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ آئندہ دو سالوں میں حافظ نعیم الرحمن کے اعلان کے مطابق 10 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کرائے جائیں گے۔

جس سے پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس میں تین سے چار گنا اضافہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دیانتدار قیادت کے ساتھ ملک کو کرپشن، ناانصافی اور جھوٹے وعدوں سے نجات دلائے گی۔دیندار اور نیک لوگ نوجوان جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں، کیونکہ ہم جھوٹے وعدے نہیں کرتے بلکہ اپنے عزم کو پورا کرتے ہیں۔“

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ایک ایسی قوت ہے جو شفافیت، انصاف اور خدمت پر یقین رکھتی ہے، اور نوجوانوں کو پاکستان کے مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ “یہ ملک کسی طبقے، خاندان یا مفاد پرست گروہ کا نہیں بلکہ نوجوانوں کا ہے۔ ہمیں اپنی تاریخ، دین، اور پاکستان پر فخر کرنا چاہیے۔اخر میں عبدالرزاق عباسی نے تمام نوجوانوں کو 21 تا 23 نومبر لاہور مینار پاکستان میں اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ “الخدمت اور جماعت اسلامی نوجوانوں کے ہاتھوں میں پاکستان کا روشن مستقبل دیکھ رہی ہے۔

ہم اپنے حصے کے چراغ جلائیں گے، پڑھیں گے، بڑھیں گے، اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائدؒ و اقبالؒ کا پاکستان بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں