ملاکنڈ: سوات موٹروے کے ٹنل نمبر 3 کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ٹرک الٹنے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی میڈیکل ریسپانس ٹیم ایمبولینس کے ہمراہ فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ ہوئی۔ جائے وقوعہ پر موٹروے پولیس اور دیگر متعلقہ عملہ بھی موجود تھا، جنہوں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
مشترکہ کارروائی کے دوران موٹروے پولیس اور دیگر اہلکاروں نے بعض زخمیوں اور جاں بحق افراد کو اپنی گاڑیوں کے ذریعے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹخیلہ منتقل کیا، جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے باقی متاثرہ افراد کو بھی بروقت ڈی ایچ کیو اسپتال بٹخیلہ پہنچایا۔
ہسپتال میں ڈاکٹروں نے 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی، جبکہ 8 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ ان میں سے 4 شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث سوات ریفر کر دیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق تمام متاثرہ افراد کا تعلق ضلع سوات کی تحصیل بحرین کے علاقے گبرال سے تھا۔ یہ ایک خانہ بدوش خاندان تھا جو مختلف علاقوں میں موسمی طور پر نقل مکانی کرتا رہتا ہے۔
حادثہ انتہائی سنگین نوعیت کا تھا، تاہم ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے باعث مزید جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔