تھانہ حویلیاں کی حدود میں شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کو پولیس نے گرفتار کر لیا

62

ایبٹ آباد: تھانہ حویلیاں کی حدود میں شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کو پولیس نے کم سے کم وقت میں گرفتار کر لیا۔

اتوار کی شام سات بجے چوکی چمہڈ کے علاقے کوٹہڑہ میں نامعلوم مسلح ملزمان نے گاڑیوں کو روک کر شہریوں سے نقدی، موبائل فون اور قیمتی سامان چھین لیا تھا۔ واقعہ کی اطلاع پر تھانہ حویلیاں میں زیر دفعہ 392 مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس نے جدید تحقیقی تکنیک، لوکیشن ٹریسنگ، خفیہ اطلاعات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے واردات میں ملوث گروہ کا سراغ لگا لیا اور کارروائی کرتے ہوئے ملزمان الیاس شاہ ولد اصغر شاہ، یاسر شاہ ولد شبیر شاہ، کامل شاہ ولد مسلم شاہ، شہزاد شاہ ولد دلزاک شاہ اور توفیق شاہ ولد صدیق شاہ کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے 78 ہزار روپے نقدی، 4 موبائل فون، دیگر قیمتی سامان اور واردات میں استعمال ہونے والا بھاری اسلحہ، جن میں 2 پستول، 2 رپیٹر اور ایک کلاشنکوف شامل ہے، برآمد کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے مزید جرائم سے متعلق بھی تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں