ہری پور : یونیورسٹی آف ہری پور کے ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سینٹر (HRDC) نے “From Judgement to Growth: Mastering the Annual Confidential Report” کے عنوان سے سیمینار کامیابی سے منعقد کیا جس کا مقصد سالانہ خفیہ رپورٹس (ACR) کو محض ایک رسمی کارروائی کے بجائے پیشہ ورانہ ترقی اور انتظامی بہتری کا مؤثر ذریعہ بنانا تھا۔
سیمینار کی قیادت پیر روشن انسٹیٹیوٹ آف پروگریسیو سائنسز اینڈ ٹیکنالوجیز (PRIPSAT) کے ریکٹر پروفیسر فدا یونس خٹک نے کی جنہوں نے ACR کو ترقی کے ایک طاقتور ٹول کے طور پر اپنانے، بہترین استعمال اور عملی حکمتِ عملی پر جامع روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ڈینز، چیئرمینز، ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس اور سیکشنل ہیڈز سمیت یونیورسٹی کی اعلیٰ انتظامی ٹیم نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کو پروفیسر ڈاکٹر عزیز اللہ، ڈائریکٹر HRDC و ڈین فیکلٹی آف بائیولوجیکل اینڈ بائیومیڈیکل سائنسز نے نہایت مؤثر اور مربوط انداز میں منظم کیا۔
سیمینار کے دوران شرکاء ACR سے متعلق چیلنجز، بہتری کے طریقہ کار اور جدید پریکٹسز پر مبنی ایک انتہائی معلوماتی اور انٹرایکٹو سیشن میں شریک رہے، جبکہ قائدینِ جامعہ کو کارکردگی میں بہتری اور ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ کے حوالے سے قابلِ عمل رہنمائی فراہم کی گئی۔ اختتام پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہری پور پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے مہمان مقرر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس نوعیت کی سرگرمیوں کو انتظامی اور پیشہ ورانہ ترقی کے فروغ کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔ یونیورسٹی آف ہری پور مستقبل میں بھی اس طرح کی استعداد کاری، پروفیشنل ڈیولپمنٹ اور نالج شیئرنگ سرگرمیوں کے ذریعے ادارہ جاتی ترقی کے سفر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہے۔