آج فضاؤں میں ایک عجیب خاموشی ہے

49

مانسہرہ : گورنمنٹ مڈل سکول سنجلیالہ مانسہرہ، جو افغان کیمپ نمبر 1 کے قریب آباد ہے، کبھی ان ننھے افغان بچوں کی آمد سے گونجتا تھا۔ اس سکول کا پہلا داخلہ بھی ایک افغان بچے کا تھا—اور پھر یہی سلسلہ آگے بڑھتا گیا۔ سینکڑوں افغان بچے اور بچیاں یہاں سے علم کی روشنی لے کر زندگی کی راہوں پر چلنے لگے۔ ان کی ذہانت، محنت، سلیقہ اور اساتذہ کے لیے بے مثال احترام نے ہمیشہ ہمارے دل جیتے۔

مگر آج… آج فضاؤں میں ایک عجیب خاموشی ہے۔ ان بچوں کی معصوم ہنسی، ان کی شوخ سوالیاں نظریں، ان کے پاکیزہ دل—سب کچھ جیسے اچانک رخصت ہونے کو ہے۔ وہ اپنے وطن افغانستان کی طرف روانہ ہو رہے ہیں، مگر ان کے دلوں پر بھی اداسی کی چادر تنی ہوئی ہے۔

افسردہ صرف وہ نہیں… ہم اساتذہ، اور یہاں کے پاکستانی بچے تو ان سے کہیں زیادہ دکھی ہیں۔ ان کے خالی ہونے والے بیٹھکیں، ان کی یادیں، ان کی آوازیں… یہ سب ہمارے دلوں پر بوجھ بن کر رک گئی ہیں۔ یہ الوداعی لمحے اتنے بھاری، اتنے کرب ناک ہیں کہ الفاظ بھی ان کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔

ہمارے یہ پیارے معصوم بچے—جنہیں ہم نے اپنے بچوں کی طرح سمیٹا—آج ہمیں چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ دل چاہتا ہے وقت تھم جائے… مگر سفر تو کرنا ہی ہوتا ہے۔

اے اللہ! ان ننھے معصوم فرشتوں کے لیے اپنی رحمتوں کے دروازے کھول دے۔ ان کے وطن میں انہیں امن، خوشیاں، سکون اور بے شمار کامیابیاں نواز دے۔ آمین۔الوداع ہمارے پیارے بچو…تمہاری یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔
منجانب: گورنمنٹ مڈل سکول سنجلیالہ مانسہرہ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں