مانسہرہ : صوبہ بھر کی طرح ضلع مانسہرہ میں بھی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کی ہدایات پر ضلع بھر میں پولیو ٹیموں کے ساتھ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکے۔
تمام پولیو ٹیموں کو سخت سیکیورٹی حصار میں فیلڈ کو روانہ کیا گیا، جبکہ صبح سویرے ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوانوں کو ضروری ہدایات بھی فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر افسران نے واضح کیا کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانا قومی ذمہ داری ہے اور پولیس فورس اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ڈی پی او مانسہرہ نے تمام ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہیں اور پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کی براہِ راست نگرانی کریں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں قائم اور گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔