کوہستان اپر میں سخت سکیورٹی میں چار روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

87

کوہستان اپر : کوہستان اپر میں سخت سکیورٹی میں چار روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

​خیبر پختونخواہ کے دیگر اضلاع کی طرح، ضلع کوہستان اپر میں بھی آج سے چار روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ مہم پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے شروع کی گئی ہے تاکہ علاقے کو پولیو فری بنایا جا سکے۔

​ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس نے انتہائی سخت حفاظتی حصار قائم کر رکھا ہے۔

​ ​اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طاہر اقبال نے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا کہ پولیو ٹیموں کی حفاظت اولین ترجیح ہے ڈیوٹی پر تعینات تمام جوانوں کو ڈیوٹی پر روانگی سے قبل خصوصی بریفنگ دی گئی ہے اور انہیں ہر وقت الرٹ رہنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔

ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز باقاعدگی سے مختلف چیک پوسٹوں، بنیادی صحت مراکز (بی ایچ یوز) اور ہسپتالوں کے دورے کر رہے ہیں تاکہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔

​انسداد پولیو مہم کی نگرانی کو مؤثر بنانے کے لیے ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ اور موبائل پٹرولنگ کے عمل کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او نے جوانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈیوٹی کے دوران موبائل فون کے استعمال سے بالکل گریز کریں تاکہ سکیورٹی میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔
​ڈی پی او طاہر اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوہستان اپر پولیس صحت کے عملے کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور مہم کی کامیابی تک سخت سکیورٹی فراہم کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں