مانسہرہ ایبٹ آباد روڈ پر واقع مدنی پلازہ کے ایک کمرے سے تین نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ مذکورہ کمرہ ساؤنڈ سسٹم کے کام کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں نعیم عمر تقریباً 17 تا 18 سال، وقاص عمر تقریباً 30 تا 31 سال اور زیشان صدیق عمر تقریباً 31 تا 32 سال شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو تحویل میں لے کر کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق تینوں نوجوان کمرے کے اندر موجود تھے جہاں جنریٹر چلایا جا رہا تھا۔ ورثاء کا کہنا ہے کہ اموات جنریٹر سے خارج ہونے والی زہریلی گیس کے باعث ہوئیں جس سے دم گھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی جائیں گی۔ واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے اور اہلِ علاقہ نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔

