ڈاکٹر سندس زاہد (پی ایچ ڈی زوالوجی) نے کنزرویٹر وائلڈ لائف، ہزارہ سرکل سے ملاقات کی، جس میں ہزارہ ڈویژن میں جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق آگاہی کے فروغ اور حیاتیاتی تنوع کی اخلاقی و قانونی دستاویز سازی (ڈاکومنٹیشن) کے حوالے سے تعاون پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر سندس زاہد نے کمیونٹی کی سطح پر وائلڈ لائف آگاہی، سائنسی بنیادوں پر اردو زبان میں درست معلومات کی ترسیل، اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جنگلی حیات کی فلم بندی و دستاویز سازی کے اپنے تصور سے آگاہ کیا۔
کنزرویٹر وائلڈ لائف، ہزارہ سرکل نے ڈاکٹر سندس زاہد کی لگن، کمٹمنٹ اور سائنسی ابلاغ (سائنس کمیونیکیشن) کے پیشہ ورانہ انداز کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کے اس تصور کے مؤثر نفاذ کے لیے فیلڈ لیول پر ہر ممکن تکنیکی سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے گا، جو کہ متعلقہ وائلڈ لائف قوانین اور محکمانہ ایس او پیز کے عین مطابق ہوگا۔
بعد ازاں کنزرویٹر وائلڈ لائف، ہزارہ سرکل کی موجودگی میں خیبر پختونخوا وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ (ہزارہ وائلڈ لائف سرکل) اور ڈاکٹر سندس زاہد کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت درج ذیل شعبوں میں باہمی تعاون کیا جائے گا:
کمیونٹی کی بنیاد پر جنگلی حیات سے متعلق آگاہی اور تحفظ کی تعلیم
اخلاقی اور قانونی وائلڈ لائف فلم بندی و دستاویز سازی
اردو زبان میں سائنسی طور پر درست وائلڈ لائف کمیونیکیشن
انسان اور جنگلی حیات کے باہمی بقائے باہمی کے فروغ اور خوف کی بنیاد پر ہونے والی ہلاکتوں میں کمی
ہزارہ ڈویژن میں ہیومن وائلڈ لائف کانفلکٹ (HWC) سے متعلق آگاہی کی ترویج
یہ پیش رفت ہزارہ ڈویژن میں جنگلی حیات کے تحفظ، عوامی شعور کی بیداری اور انسان و فطرت کے مابین ہم آہنگ تعلق کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔






