🚨 موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر حدِ رفتار میں کمی — نئی ہدایات جاری

22

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی ہدایات پر ایندھن کی بچت اور ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے ملک بھر کی موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی حدِ رفتار میں کمی کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے ترجمان سید عمران احمد نے نئی رفتار کی حد سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
ترجمان کے مطابق موٹرویز پر کار اور ایل ٹی وی (لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکلز) کی حدِ رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ پی ایس وی (پبلک سروس وہیکلز) اور ایچ ٹی وی (ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز) کی رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔
اسی طرح قومی شاہراہوں پر بھی نئی حدِ رفتار نافذ کر دی گئی ہے۔ کار اور ایل ٹی وی کے لیے رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، جبکہ پی ایس وی اور ایچ ٹی وی کی رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق نئی رفتار کی حد کا مقصد ایندھن کی بچت، حادثات میں کمی اور محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلے میں موٹروے پولیس کی جانب سے آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ شہریوں اور ڈرائیورز کو نئی ہدایات سے آگاہ کیا جا سکے۔
ترجمان نے ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ وہ نئی رفتار کی حد پر عمل کریں، دورانِ سفر ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں