ملوگہ سے تعلق رکھنے والا نوجوان سیاح اور ویڈیو گرافر عنایت شدید خراب موسم کے باعث پہاڑی علاقے جرگہ ڈب میں جان کی بازی ہار گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق عنایت کو سیاحت، ہائیکنگ اور قدرتی مناظر کی ویڈیو گرافی کا شوق تھا اور وہ اکثر محدود وسائل کے باوجود اکیلے دشوار گزار پہاڑی علاقوں کا رخ کرتا رہتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا جب عنایت نے خراب موسم کے باوجود جرگہ ڈب جانے کا فیصلہ کیا۔ دوستوں اور مقامی افراد نے اسے موسم کی شدت کے پیش نظر سفر سے باز رہنے کا مشورہ دیا، تاہم اس نے اپنی مہم جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
عنایت نے جار گلی تک موٹر سائیکل کے ذریعے سفر کیا، جہاں سے اس نے تقریباً پانچ گھنٹے کی پیدل مسافت طے کر کے جرگہ ڈب کے قریب ایک عارضی شیلٹر میں قیام کیا۔ ذرائع کے مطابق اس دوران اس نے سوشل میڈیا پر لائیو ویڈیو بھی شیئر کی۔
رات کے وقت علاقے میں شدید برف باری اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس کے باعث موسم انتہائی خطرناک ہو گیا۔ اگلی صبح عنایت نے واپسی کی کوشش کی، تاہم راستے میں شدید سردی اور موسم کی شدت کے باعث اس کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاش کو پہاڑی علاقے سے نیچے منتقل کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر اور پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں۔