دیر بالا پولیس کی اہم اور کامیاب کارروائی، واڑی کارودرہ سے فروخت ہونے والی کمسن بچی برآمد، ملوث ملزمان گرفتار۔۔۔*

12

دیر بالا: دیر بالا پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ واڑی کی حدود میں پانچ لاکھ روپے کے عوض فروخت کی گئی کمسن بچی کو بحفاظت برآمد کر کے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ واڑی پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ واڑی کارودرہ کے علاقے سے ایک کمسن بچی کو فروخت کیا گیا ہے۔ واقعے کا ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔ ڈی پی او دیر بالا کی ہدایات پر ایس پی انویسٹی گیشن دیر بالا محمد الیاس، ایس ڈی پی او سرکل واڑی شہنشاہ خان، ایس ایچ او تھانہ واڑی تاج محمد خان اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی، جسے ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور کمسن بچی کی برآمدگی کا ٹاسک سونپا گیا۔ خصوصی تفتیشی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انکوائری کا آغاز کیا، جس دوران معلوم ہوا کہ 12/13 سالہ کمسن بچی کو تقریباً 60/65 سالہ شخص کو پانچ لاکھ روپے کے عوض فروخت کیا گیا تھا۔ تفتیشی ٹیم نے جدید تفتیشی طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے کمسن بچی کو بحفاظت برآمد کر لیا اور واقعے میں ملوث ملزمان 1) یوسف خان ولد میاں جان سکنہ مٹہ سوات، 2) مقصود احمد ولد دل محمد سکنہ شکر گھڑ ضلع ناروال اور 3) مرتضٰی ولد عبدالمتین سکنہ باغ منزئی کارودرہ کو حسبِ ضابطہ گرفتار کر لیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث دیگر افراد اور نیٹ ورک کو بھی بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں