ضلع کولئی پالس کوہستان میں چار روزہ انسدادِ پولیو مہم سخت سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ شروع کر دی گئی ہے، جو 02 فروری سے 05 فروری تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں تاکہ انہیں اس مہلک مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔
محکمہ صحت کی جانب سے تشکیل دی گئی پولیو ٹیموں کے ساتھ 193 پولیس افسران و جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ ضلع بھر میں داخلی و خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ اور موبائل پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنا دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر امجد حسین خان نے کہا کہ مہم کی کامیابی کے لیے پولیس فورس کو مکمل الرٹ رکھا گیا ہے اور دورانِ ڈیوٹی موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے گریز کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سپرواٸزری افسران فیلڈ میں نگرانی اور چیکنگ کے عمل کو یقینی بناتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں گے۔
ڈی پی او نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ تعینات سیکیورٹی اہلکاروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کے قومی مشن کو کامیاب بنایا جا سکے۔
یہ مہم بچوں کی صحت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں پولیو کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا ایک اہم اور مؤثر قدم قرار دی جا رہی ہے۔
کولئی پالس پولیس کی زیرِ نگرانی چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز
18