فوڈ ڈیپارٹمنٹ ضلع مانسہرہ کی کارروائی، لساں نواب میں آٹا ملز اور ڈیلرز کی اچانک چیکنگ، خلاف ورزی پر ڈیلرز گرفتار

20

سیکرٹری فوڈ، ڈائریکٹر فوڈ خیبر پختونخوا اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی ہدایات پر 5 فروری 2026 کو فوڈ ڈیپارٹمنٹ ضلع مانسہرہ نے لساں نواب میں اچانک کارروائی کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر (DFC) مانسہرہ، مسٹر شیراز انور خان نے مختلف فلور ملز کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران سرکاری گندم اور آٹے کا مکمل ریکارڈ چیک کیا گیا، گندم کی پسائی (گرائنڈنگ) کے عمل اور آٹے کی ڈیلرز کو تقسیم کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے موقع پر ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے شفاف تقسیم کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
بعد ازاں علاقے میں سرکاری آٹا ڈیلرز کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بعض ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی، جنہیں گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا جبکہ ان کے فوڈ گرین لائسنس بھی معطل کر دیے گئے۔
فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دیگر ڈیلرز کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ سرکاری آٹے کی تقسیم کے دوران تمام قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سرکاری سبسڈی والے آٹے کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور عوامی مفاد کے خلاف کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں