مانسہرہ: پی ٹی آئی کے ملک گیر احتجاج کے تحت جزوی شٹر ڈاؤن ہڑتال

26

مانسہرہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے دی گئی احتجاجی کال پر آج جزوی شٹر ڈاؤن ہڑتال دیکھی گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بیشتر دکانیں اور کاروباری مراکز کھلے رہے، تاہم چند مقامات پر دکانداروں نے رضاکارانہ طور پر دکانیں بند رکھیں۔


یہ احتجاج پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ پارٹی قیادت کے مطابق یہ ملک گیر احتجاج پارٹی کے بانی عمران خان کی ہدایت پر منعقد کیا گیا، جس میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور پہیہ جام کی اپیل شامل تھی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ احتجاج کا مقصد عام انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف آواز بلند کرنا، شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرنا اور عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ عوامی فیصلے کو تسلیم کیے بغیر جمہوری عمل مکمل نہیں ہو سکتا۔
دوسری جانب مانسہرہ میں ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہی اور تعلیمی ادارے بھی کھلے رہے۔ کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری حساس مقامات پر تعینات رہی۔
انتظامیہ کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور قانون ہاتھ میں نہ لیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں