شٹر ڈاؤن ہڑتال نے مخالفین کو واضح پیغام دے دیا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا.

35

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ تحریک تحفظ آئین کے تحت پاکستان بھر میں ہونے والی شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال میں عوام کی بھرپور اور منظم شرکت نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ یہ عوامی شعور، اتحاد اور جمہوری سوچ کا واضح اظہار بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پُرامن احتجاج نے مخالفین کو ایک دوٹوک اور طاقتور پیغام دے دیا ہے کہ قوم آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور آزاد عدلیہ کے لیے متحد ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر تمام پاکستانی عوام، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور وکلاء برادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی اور کہا کہ آج قوم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر آئینی اقدام کو قبول نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنے شعوری فیصلے کے ذریعے یہ ثابت کیا ہے کہ جمہوریت، آئین اور انصاف کے تحفظ کے لیے وہ ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔
محمد سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ تحریک تحفظ آئین مکمل طور پر پُرامن ہے اور اسے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جاری رکھا جائے گا، تاکہ کسی کو انتشار یا تشدد پھیلانے کا موقع نہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن جدوجہد ہی وہ راستہ ہے جس سے ملک میں حقیقی جمہوری استحکام ممکن ہے۔
وزیراعلیٰ نے 26 نومبر 2024 کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی جبر اور مظالم کے باوجود عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور نہ ہی وہ اپنے آئینی حقوق سے دستبردار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں بھی عوام کا گھروں سے نکلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ خوف اب قوم کو خاموش نہیں کرا سکتا۔
آخر میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے عوام کی جرات، ثابت قدمی اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئین، قانون اور عدلیہ کی آزادی کے لیے یہ جدوجہد اپنی منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں