ایبٹ آباد یونیورسٹی میں طلبہ کا تصادم، ایک جاں بحق، ایک شدید زخمی.

37

ایبٹ آباد —
یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (UOST) میں طلبہ کے درمیان ہونے والے ایک افسوسناک تصادم کے نتیجے میں ایک طالبعلم جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ یونیورسٹی کیمپس کے اندر طلبہ کے دو گروپوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد پیش آیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں تبدیل ہو گیا۔ جھگڑے کے دوران عبداللہ، سکنہ میرپور، موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جبکہ حسن خان ولد آصف خان، سکنہ میرپور، شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں لیا۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ممکنہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمپس میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کیے جائیں گے۔ واقعے کی اصل وجوہات اور مزید تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔
یہ واقعہ تعلیمی اداروں میں بڑھتے ہوئے تنازعات پر تشویش کا باعث بن گیا ہے، اور طلبہ و والدین کی جانب سے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں