درندہ آبادی کے قریب، انسانی جانوں کو شدید خطرہ.

12

طالب علم کے بعد سرکاری استاد بھی چیتے کے حملے میں زخمی
برار کوٹ توت نکہ کے علاقے میں ایک بار پھر جنگلی درندے کی موجودگی نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ آج صبح سرکاری اسکول کے ٹیچر توصیف احمد، جو معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی پر جا رہے تھے، اچانک چیتے کے حملے کا نشانہ بن گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق چیتا قریبی جھاڑیوں سے نکل کر استاد پر جھپٹا اور انہیں شدید زخمی کر دیا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر انہیں ریسکیو کر کے قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی اسی علاقے میں چیتے کے متعدد حملے رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں ایک طالب علم سمیت کئی افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ درندہ اکثر شام اور صبح کے اوقات میں آبادی کے قریب دیکھا جاتا ہے، جس کے باعث بچوں، خواتین اور بزرگوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف اور ضلعی انتظامیہ سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار شکایات اور حملوں کے باوجود اب تک کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے۔ اہل علاقہ شدید خوف میں مبتلا ہیں اور تعلیمی اداروں کی حاضری بھی متاثر ہو رہی ہے۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ درندے کو فوری طور پر قابو میں لانے، علاقے میں گشت بڑھانے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں