مانسہرہ شہر کے تھانہ سٹی کی حدود کالج روڈ پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار کی جانب سے ایک گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور موقع سے خول برآمد کرکے تفتیش کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ محمد اظہر خان نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سٹی کو ہدایات جاری کیں کہ ملوث ملزم یا ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ڈی پی او نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
مدعیان فیصل اور محمد ضیاء اسلم کے مطابق وہ سٹریٹ لائٹس کی جانچ پڑتال کے بعد اپنی گاڑی میں موجود تھے کہ اسی دوران ایک نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے ان پر فائرنگ کر دی۔ خوش قسمتی سے وہ اس حملے میں محفوظ رہے، تاہم واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ڈی پی او مانسہرہ کی خصوصی ہدایات پر علاقے میں فوری ناکہ بندیاں کر دی گئی ہیں، داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے جبکہ مشتبہ افراد کی تلاشی اور سرچ آپریشن بھی تیز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ملزمان تک جلد رسائی کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق کوئی مصدقہ اطلاع ہو تو فوری طور پر تھانہ سٹی مانسہرہ سے رابطہ کریں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
مانسہرہ: کالج روڈ پر گاڑی پر فائرنگ، Mansehra Police متحرک — Muhammad Azhar Khan کا سخت نوٹس
15