اسلام آباد: سردار محمد یوسف کے ہاتھوں قرآنِ مجید کے سعودی تحفے کی ملک گیر تقسیم کا آغاز.

11

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے پاکستان کے لیے بطورِ خاص ہدیہ کیے گئے قرآنِ مجید کے مقدس نسخوں کی ملک گیر تقسیم مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ بابرکت نسخے اسلامی تعاون اور برادرانہ تعلقات کی ایک روشن مثال قرار دیے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں ایک پروقار اور روحانی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے جید علماء کرام، مشائخ عظام اور مذہبی اسکالرز نے شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، پروفیسر سجاد قمر، قاری محبوب الرحمن اور حافظ عبدالقدوس سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ شرکاء نے قرآنِ مجید کی اشاعت و ترویج کے اس اقدام کو امتِ مسلمہ کے لیے نہایت بابرکت قرار دیا۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے اپنے خطاب میں سعودی قیادت خصوصاً شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید کے نسخوں کا یہ تحفہ نہ صرف دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ امتِ مسلمہ کے درمیان دینی ہم آہنگی اور اتحاد کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رابطہ عالم اسلامی دنیا بھر میں اعتدال، رواداری اور اسلام کی حقیقی و مثبت تصویر اجاگر کرنے کے لیے نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے، اور پاکستان میں اس کے تعاون سے مختلف مذہبی و فلاحی منصوبے جاری ہیں۔
سردار محمد یوسف نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ بالخصوص رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اتحادِ امت، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اخلاقی اصلاح اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے منبر و محراب کا مؤثر استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ “نظامِ صلوٰۃ” اور “قومی علماء و مشائخ کونسل” جیسے اقدامات کا مقصد معاشرے میں اعتدال، برداشت اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سجاد قمر اور قاری محبوب الرحمن نے وفاقی وزیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے عملی اقدامات سے نہ صرف دینی شعور میں اضافہ ہوگا بلکہ معاشرتی اصلاح اور قومی یکجہتی کو بھی تقویت ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علماء کرام معاشرے میں امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں