بٹگرام میں جنگلات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، قمر حیات خان کی ہدایت پر لکڑی سے بھری گاڑی پکڑی گئی.

17

بٹگرام: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بٹگرام قمر حیات خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور لکڑی اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کے دوران پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔
ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق، ایس ایچ او تھانہ بنہ نے خفیہ اطلاع ملنے پر اپنی نفری کے ہمراہ ناکہ بندی کی اور مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ شروع کی۔ اسی دوران غیر قانونی لکڑی سے بھری ایک ڈاٹسن گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی سے قیمتی لکڑی برآمد ہوئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو قبضے میں لے لیا جبکہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ لکڑی اور گاڑی کو مزید قانونی کارروائی، جرمانے اور ضبطگی کے مراحل مکمل کرنے کے لیے محکمہ جنگلات کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق لکڑی کی مالیت کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جبکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی کے لیے بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او بٹگرام قمر حیات خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور ان کی غیر قانونی کٹائی یا ترسیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور ضلع بھر میں گشت و ناکہ بندی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ قیمتی جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں