مانسہرہ کے علاقے اچھڑیاں کی معروف مذہبی شخصیت مفتی خان کے بیٹے عمر خان موٹروے پر فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہو گئے۔ یہ واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تقریباً 2 بجے ہزارہ ایکسپریس وے کی حدود میں پیش آیا، جو ایبٹ آباد کے پی ایف تھانہ کی حدود میں آتا ہے۔
مقتول کے اہل خانہ کے مطابق عمر خان اپنی لکڑی سے بھری گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ مبینہ طور پر موٹروے پولیس پاکستان کے اہلکاروں نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کر دی گئی، جس کے نتیجے میں عمر خان گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
دوسری جانب متعلقہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے ابھی تک باضابطہ ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔ پولیس کے مطابق موٹروے پولیس پاکستان کی جانب سے مراسلہ موصول ہونے کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں اور ایف آئی آر درج ہونے اور متعلقہ اداروں کا موقف سامنے آنے کے بعد واقعے کی مکمل تفصیلات واضح ہوں گی۔
موٹروے پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق.
10