بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے خودکش حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں گل فراز تنولی سمیت چار اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔ حملہ اُس وقت کیا گیا جب فورسز کی گاڑی معمول کی گشت پر مامور تھی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دھماکہ انتہائی شدت کا تھا جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور موقع پر ہی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ زخمیوں کو قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا۔ حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز تنولی کا تعلق ضلع مانسہرہ سے تھا اور وہ ایک بہادر اور پیشہ ور افسر کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کی شہادت کی خبر پر مانسہرہ سمیت پورے علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔
شہید افسر کی نمازِ جنازہ کل بروز اتوار دن دو بجے ٹھاکرہ اسٹیڈیم، مانسہرہ میں ادا کی جائے گی، جس میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ شہداء کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے حکام کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔
بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ، مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ کرنل گل فراز تنولی سمیت چار اہلکار شہید.
9