بٹگرام کی ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور مہنگائی و ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے مانیٹرنگ کا عمل مزید سخت کر دیا ہے۔ صوبائی حکومت اور ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر آلائی عامر مصطفیٰ نے کرگ بازار کا اچانک اور تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے بازار میں موجود دکانوں کا معائنہ کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامے کی دستیابی کو یقینی بنایا اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار، ذخیرہ شدہ سامان اور صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انتظامیہ کی جانب سے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کے اقدامات کی نگرانی بھی کی گئی۔
معائنہ کے دوران متعدد دوکاندار سرکاری نرخ نامے کی کھلی خلاف ورزی، ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی میں ملوث پائے گئے، جس پر فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انتظامیہ نے موقع پر متعدد گراں فروشوں کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کیا جبکہ سنگین نوعیت کی خلاف ورزیوں پر کئی دکانوں کو سیل بھی کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ متعلقہ قوانین کے تحت کئی تاجروں کے خلاف باقاعدہ استغاثہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کا معاشی استحصال روکنا اولین ترجیح ہے۔ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری گرفتاری، دکان سیل کرنے اور مقدمہ درج کرنے سمیت تمام قانونی اختیارات بلاامتیاز استعمال کیے جائیں گے۔
انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ بازاروں میں مانیٹرنگ کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو معیاری اشیاء مناسب نرخوں پر میسر آ سکیں اور حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
بٹگرام میں رمضان مانیٹرنگ، گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی
7