اسلام آباد سمیت پانچ اضلاع میں مشترکہ سرچ آپریشن، 100 سے زائد غیرقانونی مقیم افغان شہری حراست میں

11

اسلام آباد سمیت پنجاب کے پانچ اضلاع میں سیکیورٹی اداروں نے بڑے پیمانے پر مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے 100 سے زائد غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں اور مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ یہ کارروائیاں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں بیک وقت کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق آپریشن میں پولیس، رینجرز، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں کے دو ہزار سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔ مختلف علاقوں میں داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں کی گئیں جبکہ کرایہ داروں کے کوائف، رہائشی دستاویزات اور شناختی ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں سیکیورٹی خدشات اور غیرقانونی قیام کے خلاف جاری مہم کے تحت کی گئیں۔ دورانِ آپریشن بعض افراد کو مطلوبہ دستاویزات پیش نہ کرنے پر تحویل میں لیا گیا، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ جن افراد کے کاغذات مکمل پائے گئے انہیں موقع پر چھوڑ دیا گیا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ پانچوں اضلاع میں 449 مساجد، عبادت گاہوں، بازاروں اور حساس رہائشی علاقوں کی خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن آئندہ دنوں میں بھی جاری رہیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں