مانسہرہ میں جعلی رمضان پیکج کے نام پر فراڈ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن.

31

مانسہرہ میں ضلعی انتظامیہ نے راشن اور امدادی پیکج کے نام پر سادہ لوح خواتین کو دھوکہ دینے والے عناصر کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد فوٹو اسٹیٹ اور درخواست نویسی کی دکانیں سیل کر دیں اور مالکان کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عثمان علی جدون اور اسسٹنٹ کمشنر فراز قریشی نے کچہری کمپاؤنڈ کا دورہ کیا جہاں بعض افراد مبینہ طور پر رمضان پیکج، راشن اور کیش امداد کے نام پر خواتین سے دو سو سے پانچ سو روپے لے کر جعلی درخواستیں لکھ رہے تھے۔
انتظامیہ کے مطابق نہ تو صوبائی حکومت اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس نوعیت کی کوئی اسکیم جاری کی گئی ہے۔ اس کے باوجود چند عناصر نے جھوٹا پراپیگنڈا کر کے ہزاروں خواتین کو سرکاری دفاتر کے چکر لگوانا شروع کر رکھا تھا، جس سے نہ صرف عوام کو مالی نقصان پہنچا بلکہ انتظامیہ کو بھی شدید بدنامی کا سامنا کرنا پڑا۔
کارروائی کے دوران موقع پر موجود خواتین کو آگاہ کیا گیا کہ کسی بھی امدادی اسکیم کی صورت میں باقاعدہ سرکاری اعلامیہ جاری کیا جاتا ہے، لہٰذا غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کیا جائے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کی نشاندہی فوری طور پر متعلقہ حکام کو کریں تاکہ مزید لوگوں کو دھوکہ دہی سے بچایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو لوٹنے اور سرکاری نام استعمال کرنے والوں کے خلاف آئندہ بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں