ڈپٹی کمشنر ہری پور کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ہری پور مس حمیرا محمود نے جی ٹی روڈ پر قائم مختلف پیٹرول پمپس کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پیٹرول اور ڈیزل کی دستیابی، پیمائش کے آلات، ڈِپ پوائنٹس اور مقدار کی درستگی کا تفصیلی معائنہ کیا تاکہ عوام کو فراہم کیے جانے والے ایندھن کے معیار اور مقدار کو یقینی بنایا جا سکے۔ معائنے کے دوران انتظامیہ نے پیٹرول پمپس پر موجود اسٹاک، سپلائی کی صورتحال اور فروخت کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا۔ مس حمیرا محمود نے پمپ مالکان کو ہدایت کی کہ عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور سرکاری قوانین کی مکمل پابندی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنے، کم پیمائش یا کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے ایسے معائنے جاری رکھے جائیں گے۔






ہری پور میں پیٹرول پمپس کا اچانک معائنہ، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پر سخت کارروائی کی وارننگ.
23