ایبٹ آباد: ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد اشتیاق خان نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سرکل قلندرآباد میں تعینات ٹریفک پولیس کے افسران اور جوانوں کے ہمراہ سادہ مگر پُروقار افطاری میں شرکت کی۔ اس موقع پر سرکل میں تعینات ٹریفک افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔



ایس ایس پی ٹریفک نے اہلکاروں کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر افطار کیا اور ان کی محنت، لگن اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے جوان سخت موسمی حالات، طویل ڈیوٹی اوقات اور رش کے باوجود شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے دن رات فرائض انجام دے رہے ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک صبر، برداشت، ایثار اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے اور پولیس فورس بھی اسی جذبے کے تحت عوام کی خدمت اور ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کا بنیادی مقصد شہریوں کو محفوظ اور منظم سفری ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ حادثات میں کمی اور ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے۔
اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک نے جوانوں سے مسائل بھی سنے اور انہیں ہدایت دی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، صبر اور پیشہ ورانہ انداز اپناتے ہوئے اپنی ڈیوٹی انجام دیں تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہو۔
افطاری کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن و امان کے قیام، ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد اشتیاق خان کی سرکل قلندرآباد میں ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ افطاری، جوانوں کے جذبہ خدمت کو سراہا
14