ایبٹ آباد (MansehraDotCom)

کے علاقے دہمتوڑ میں واقع ایک پیٹرول پمپ کو پیمائش میں ہیرا پھیری ثابت ہونے پر انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے جزوی طور پر سیل کر دیا۔ متعلقہ حکام نے اچانک معائنہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کے دستیاب اسٹاک، سرکاری نرخنامہ اور پیمائش کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انسپکشن کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کا وافر اسٹاک موجود پایا گیا جبکہ سرکاری نرخنامہ بھی آویزاں تھا۔ تاہم جب مختلف نوزلز سے پیمائش کی گئی تو چار پیٹرول نوزلز میں مقررہ مقدار سے کم پیمانہ سامنے آیا، جس پر صارفین کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔
حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کم پیمانہ دینے والے چاروں پیٹرول نوزلز کو موقع پر ہی سیل کر دیا اور پمپ انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کیں کہ پیمائش کے نظام کو درست کیا جائے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ضلع بھر میں پیٹرول پمپس کی باقاعدہ چیکنگ جاری رکھی جائے گی اور جہاں بھی ہیرا پھیری یا بے ضابطگی سامنے آئی وہاں قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایبٹ آباد: دہمتوڑ میں پیٹرول پمپ پر کم پیمانہ ثابت، چار نوزلز سیل.
8