رمضان پیکج کے نام پر مبینہ فراڈ — یونین کونسل تاجوال میں ملزم گرفتار

24

ایبٹ آباد: (MansehraDotCom) یونین کونسل تاجوال میں رمضان ریلیف پیکج کے نام پر شہریوں سے مبینہ طور پر فراڈ کرنے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم سادہ لوح شہریوں کو حکومتی امدادی پروگرام میں شامل کروانے کا جھانسہ دے کر ان سے رقم وصول کرتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ چھانگلہ گلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم حبیب الرحمن ولد گوہر الرحمن سکنہ چوریاں کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او چھانگلہ گلی کے مطابق ملزم مختلف علاقوں میں جا کر شہریوں کو یہ باور کرواتا تھا کہ وہ انہیں وزیراعظم اور خیبرپختونخوا حکومت کے رمضان ریلیف پیکج میں شامل کروا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم لوگوں سے موبائل فون کے ذریعے 8171 پر میسج کرواتا اور بعد میں انہیں یہ بتا کر مطمئن کرتا کہ ان کے نام 12 ہزار 500 روپے کی امداد منظور ہو گئی ہے۔ اس کے بعد ملزم ہر شہری سے فیس یا رجسٹریشن کے نام پر 100 روپے وصول کرتا تھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق ملزم نے تاجوال اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں شہریوں کو اپنے جھانسے میں لیا اور مبینہ طور پر سینکڑوں افراد سے رقم وصول کی۔ جب کچھ شہریوں کو شک ہوا تو انہوں نے معاملے کی اطلاع مقامی پولیس کو دی۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 419 (دھوکہ دہی کے ذریعے جعل سازی) کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا اس فراڈ میں کوئی اور افراد بھی ملوث ہیں یا نہیں۔
مقامی پولیس نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی سرکاری امدادی پیکج، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام یا رمضان ریلیف اسکیم کے نام پر کسی فرد کو رقم ادا نہ کریں۔ اگر کوئی شخص اس طرح کی رقم طلب کرے تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن کو اطلاع دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں