🚨 خانپور ڈیم میں بوٹنگ اور پیرا سیلنگ پر پابندی — ضلعی انتظامیہ ہری پور کا بڑا فیصلہ

19

ہری پور: ×( MansehraDotCom) ضلعی انتظامیہ ہری پور نے سیاحوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے خانپور ڈیم میں کشتی رانی (بوٹنگ) اور پیرا سیلنگ کی سرگرمیوں پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ہری پور کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق یہ پابندی دفعہ 144 کے تحت نافذ کی گئی ہے جو ابتدائی طور پر آئندہ دو ہفتوں تک مؤثر رہے گی۔ اس دوران خانپور ڈیم کے تفریحی مقامات پر کسی بھی قسم کی بوٹنگ، اسپیڈ بوٹ رائیڈ اور پیرا سیلنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق حالیہ دنوں میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث متعدد مقامات پر حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں، جہاں لائف جیکٹس کے بغیر یا دیگر حفاظتی اقدامات کے بغیر بوٹنگ اور پیرا سیلنگ کروائی جا رہی تھی، جس سے کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آنے کا خدشہ تھا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اسی لیے عارضی پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ تمام آپریٹرز کو حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کا پابند بنایا جا سکے۔ اس دوران متعلقہ ادارے ڈیم کے اطراف سیاحتی سرگرمیوں اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ بھی لیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد، بوٹ آپریٹرز یا متعلقہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور جرمانے کے ساتھ ساتھ دیگر سخت اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔
انتظامیہ نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی حکومت کی ہدایات پر عمل کریں اور اپنی اور دوسروں کی جان کے تحفظ کے لیے مقررہ مدت تک ان سرگرمیوں سے گریز کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں