ہری پور: (MansehraDotCom)
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی خصوصی ہدایات پر عیدالفطر کے موقع پر بازاروں میں خریداری کے لیے آنے والی خواتین کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں شہر کے مرکزی بازاروں، شاپنگ سنٹرز اور رش والے مقامات پر خواتین پولیس افسران کو تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ باپردہ اور معزز خواتین بلا خوف و خطر اپنی خریداری مکمل کر سکیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خواتین پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ خواتین اہلکار اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے اپنی چھٹیوں کی قربانی دے کر عوام، بالخصوص خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے خدمات انجام دے رہی ہیں۔
خواتین پولیس افسران مرد اہلکاروں کے شانہ بشانہ ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے بازاروں میں گشت بھی کر رہی ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ہری پور: عیدالفطر کی خریداری کے دوران خواتین کے تحفظ کے لیے خصوصی سکیورٹی انتظامات، خواتین پولیس افسران فیلڈ میں متحرک
24