📢 سیاحوں کا ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سے ہوٹلوں کی من مانی قیمتوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

18

ایبٹ آباد: (مانسہرہ_ڈاٹ_کام) سیاحوں کی بڑی تعداد نے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں ریڑھی بانوں کے ساتھ ساتھ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے نرخوں کو بھی فوری طور پر چیک کیا جائے۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ بعض ہوٹل مالکان کی جانب سے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں بے جا اضافہ کیا جا رہا ہے، جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔
سیاحوں کے مطابق، جو چکن مقامی مارکیٹ میں تقریباً پانچ سو روپے فی کلو دستیاب ہے، اسے ہوٹلوں میں پکا کر اڑھائی ہزار روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح دیگر کھانوں اور مشروبات کی قیمتیں بھی کئی گنا زیادہ وصول کی جا رہی ہیں، جس سے سیاح شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صرف ریڑھی بانوں کے خلاف کارروائی تک محدود نہ رہے بلکہ بڑے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو بھی قانون کے دائرے میں لایا جائے۔ سیاحوں نے مطالبہ کیا کہ تمام ہوٹلوں کے لیے باقاعدہ ریٹ لسٹ مقرر کی جائے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ کسی کو بھی عوام کا استحصال کرنے کا موقع نہ ملے۔

مزید برآں، سیاحوں نے خبردار کیا کہ اگر قیمتوں پر کنٹرول نہ کیا گیا تو اس سے علاقے کی سیاحت متاثر ہو سکتی ہے، جس کا نقصان مقامی معیشت کو بھی ہوگا۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ فوری نوٹس لے کر اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں