🚨 لاری اڈہ مانسہرہ میں ہنگامی چیکنگ، زائد کرایوں اور ناقص سہولیات پر سخت ایکشن

23

مانسہرہ: (مانسہرہ_ڈاٹ_کام ) صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنر ثناء فاطمہ نے ٹی ایم اے حکام کے ہمراہ لاری اڈہ مانسہرہ کا اچانک اور ہنگامی دورہ کیا۔ اس کارروائی کا بنیادی مقصد مسافروں سے وصول کیے جانے والے کرایوں کی کڑی نگرانی اور پبلک ٹرانسپورٹ کے معیار کو بہتر بنانا تھا۔
دورے کے دوران مختلف ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی فٹنس، صفائی اور مجموعی حالت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کئی گاڑیوں میں صفائی کے ناقص انتظامات اور بنیادی سہولیات کی کمی پر اسسٹنٹ کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ مسافروں سے براہِ راست بات چیت بھی کی گئی، جہاں متعدد افراد نے زائد کرایوں اور بدانتظامی کی شکایات پیش کیں۔
انتظامیہ نے موقع پر ہی کرایہ ناموں کی جانچ پڑتال کی اور اوورچارجنگ میں ملوث ٹرانسپورٹرز کو سخت وارننگ جاری کی۔ حکام نے واضح کیا کہ سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر ٹرانسپورٹرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ گاڑیوں کی باقاعدہ فٹنس، صفائی ستھرائی، اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ایسے اچانک دورے مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری لائی جا سکے اور مسافروں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں