خیرپور: سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے پریالو، کوٹ غلام محمد میں ناریجو برادری کے دو گروپوں کے درمیان رشتے کے تنازع پر ہونے والا مسلح تصادم خونریز شکل اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 4 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔ واقعہ تھانہ فیض محمد بنڈو کی حدود میں پیش آیا، جہاں رشتے کے تنازع نے دونوں گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کی صورت اختیار کر لی۔
ایس ایس پی خیرپور کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، بکتر بند گاڑیاں اور اے پی سی موقع پر پہنچ گئیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر پیر جو گوٹھ ہسپتال اور گمس ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ دونوں گروپوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر کے صورتحال کو کنٹرول میں لینے کی کوششیں شروع کر دی ہیں، جبکہ واقعے کی وجوہات اور دیگر پہلوؤں سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
خیرپور: رشتے کے تنازع پر خونریز تصادم، باپ بیٹے سمیت 6 افراد جاں بحق، 3 زخمی.
26