ڈی سی آفس جدباء تورغر میں جنگلات کے مسائل پر گرینڈ جرگہ

36

تورغر : ڈی سی آفس جدباء تورغر میں جنگلات کے تحفظ اور مالکانہ حقوق کے حوالے سے ایک اہم گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں تحصیل ناظمین اقوامِ تورغر کے مشران، محکمۂ جنگلات کے افسران، اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے بھرپور شرکت کی۔

جرگے کی صدارت ڈپٹی کمشنر تورغر جناب انور زیب نے کی۔ اجلاس میں جنگلات کے تحفظ، غیر قانونی کٹائی کی روک تھام، اور شجرکاری کے فروغ سے متعلق تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر تورغر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات تورغر کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے تحفظ کے لیے انتظامیہ اور عوام دونوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔”

دوسری جانب اقوامِ تورغر نے ہزارہ ڈویژن میں لاگو گزارہ پالیسی کے سوا کسی بھی نئی جنگلاتی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے جنگلات کے مالکانہ حقوق کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔

شرکاء نے محکمۂ جنگلات کے بعض افسران کی جانب سے ناجائز پرچوں اور ظالمانہ جرمانوں کی سخت مذمت بھی کی ۔ چیئرمین تحصیل دوڑ میرہ تورغر مولانا شاہ زمین عزیزوانی نے کہا کہ اقوامِ تورغر اپنی زمینوں اور جنگلات کے حقیقی وارث ہیں، ہم کسی بھی غیر منصفانہ پالیسی کو قبول نہیں کریں گے۔”

جرگے کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ جنگلات کے تحفظ، مقامی عوام کے حقوق اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں