تاریخی عمارات کے تحفظ اور ریونیو سروسز میں بہتری کی جانب کمشنر ہزارہ ڈویژن کا اہم اقدام

5

ایبٹ آباد: ریونیو سروسز میں بہتری اور تاریخی عمارات کے تحفظ کے حوالے سے کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کے ہمراہ اولڈ اور نیو تحصیل ایبٹ آباد کا تفصیلی دورہ کیا۔

دورۂ اولڈ تحصیل بلڈنگ کے موقع پر کمشنر ہزارہ ڈویژن نے عمارت کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اولڈ تحصیل بلڈنگ ایک تاریخی ورثہ ہے جسے آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے جلد بحال کیا جائے گا۔

انہوں نے ریجنل آفیسر آرکیالوجی ہزارہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ بحالی کے عمل میں عمارت کے قدیم طرزِ تعمیر کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ٹی ایم او اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

بعد ازاں، کمشنر ہزارہ ڈویژن نے نیو تحصیل سروس ڈیلیوری سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سینئر سٹیزنز کے لیے خصوصی کاؤنٹر کے قیام کی ہدایت کی تاکہ بزرگ شہریوں کو ریونیو خدمات تک باعزت اور فوری رسائی حاصل ہو سکے۔
انہوں نے کمپیوٹرائزڈ ٹوکن سسٹم کے جلد اجراء اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ کا بھی جائزہ لیا۔ کمشنر ہزارہ نے موقع پر عوامی شکایات سنیں اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔

کمشنر ہزارہ ڈویژن نے اس موقع پر کہا کہ ریونیو سروسز میں بہتری، شفافیت اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں تاکہ شہریوں کو موثر، شفاف اور جدید نظام کے تحت ریونیو خدمات فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں