ہری پور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-18 ہری پور میں ضمنی انتخاب کے لیے ریٹرننگ افسر نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے، جہاں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ریٹرننگ افسر نوید الرحمان کی جانب سے اسکروٹنی کے عمل کے بعد فارم 32 جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق حلقے سے 13 امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور جبکہ ایک امیدوار کے کاغذات مسترد کر دیے گئے ہیں۔
منظور شدہ امیدواروں میں پیپلزپارٹی کی ارم فاطمہ ترک، مسلم لیگ (ن) کے بابر نواز خان، پیر صابر شاہ، سردار محمد مشتاق، صاحبزادہ حامد شاہ اور پاکستان تحریک انصاف کی امیدوارا شہرناز عمر ایوب شامل ہیں۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بابر نواز خان کے خلاف اعتراضات داخل کیے گئے تھے.
تاہم ریٹرننگ افسر نے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے ان کے کاغذاتِ نامزدگی کو درست قرار دیا۔دوسری جانب ہری پور کے یو سی چیئرمین عبدالرشید تنولی کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کر دیے گئے ہیں۔این اے-18 کی نشست سابق قائد حزبِ اختلاف عمر ایوب خان کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی.
جنہیں 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے مقدمات میں سزا کے بعد نااہل قرار دیا گیا تھا۔ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 23 نومبر کو ہوگی، جس میں پی ٹی آئی کی شہرناز عمر ایوب اور مسلم لیگ (ن) کے بابر نواز خان کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔