ایبٹ آباد: عوامی نمائندوں سے مایوسی کے بعد شمشیر نکہ کے مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی تعمیر شروع کر دی۔
یونین کونسل بانڈہ پیر خان کے گاؤں شمشیر نکہ کے رہائشیوں نے طویل انتظار اور وعدوں سے تنگ آ کر چندہ اکٹھا کر کے خود روڈ تعمیر کرنا شروع کر دیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ پچھلے پچاس سالوں سے منتخب نمائندوں کے دروازے کھٹکھٹا رہے ہیں، مگر کسی نے بھی سڑک کی تعمیر پر توجہ نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ منتخب اراکین اسمبلی کے گھروں کے چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں، اسی لیے اب اپنی مدد آپ کے تحت روڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
عوامی حلقوں نے اسے حکومت کے لیے لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شمشیر نکہ سمیت پسماندہ دیہات میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔