ایبٹ آباد میں ایم ڈی کیٹ 2025 کے شفاف و پرامن انعقاد کے لیے انتظامات

33

ایبٹ آباد : ایبٹ آباد میں ایم ڈی کیٹ 2025 کے شفاف و پرامن انعقاد کے لیے انتظامات ۔

صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق ضلع ایبٹ آباد میں ایم ڈی کیٹ 2025 کے ٹیسٹ کے شفاف، منصفانہ اور پُرامن انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس کمشنر ہزارہ ڈویژن کے دفترمیں منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد عمر طفیل اور تمام متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں امتحانی انتظامات، سیکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ اور نقل کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ کے۔ایم۔یو پشاور کی انتظامیہ نے شرکاء کو ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد میں ہونے والے امتحانات کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام اداروں کے تعاون سے امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔

اہم فیصلے اور اقدامات:

امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کا نفاذ

امتحانی سینٹر کی حدود میں موبائل جیمرزکی تنصیب

امتحانی مراکز میں موبائل فون لانے پر پابندی، آگاہی بینرز اور واک تھرو گیٹس کی تنصیب

مرد و خاتون پولیس اہلکاروں کی تعیناتی

امتحانی مراکز میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی

پرچہ جات کی ترسیل اور حفاظت کے لیے سخت اقدامات

ڈی ایچ او اور ریسکیو 1122 کو ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے ساتھ رابطہ رکھتے ہوئے سروسز کی بہم فراہمی کی ہدایت۔ اے سی انڈر ٹریننگ کو ہدایت کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے اطراف سٹیشنری، فوٹو سٹیٹ اور بک شاپس کو دفعہ 144 کے تحت بند رکھنے کی ہدایت۔

اجلاس میں ڈی پی او ایبٹ آباد، ڈائریکٹر آئی بی، ایس پی اسپیشل برانچ، ڈین ایوب ٹیچنگ اسپتال، ایس پی ٹریفک، ایکسین ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی، سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کی جانب سے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ٹیسٹ کے دوران ٹریفک پلان اور سیکیورٹی اداروں کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ امتحانات پُرامن ماحول میں منعقد ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں