ایبٹ آباد: ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے جی ایم این ایچ اے ناردرن ایریاز امجد علی کے ہمراہ منڈیاں یو ٹرن اور سربن چوک کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران منڈیاں میزائل چوک کے قریب ڈیڈیکیٹڈ یوٹرن کے قیام سے متعلق تعمیراتی امور اور ٹریفک کی روانی کے مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ہدایت کی کہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور شہریوں کی سہولت کے لیے ڈیڈیکیٹڈ یوٹرن کا کام اگلے ہفتے سے شروع کیا جائے تاکہ شہری بغیر رکاوٹ سفر کر سکیں۔
مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کے قریب اوورہیڈ بریج سے متعلق تاجروں کے مسائل بھی سنے اور انہیں اگلے ہفتے ڈپٹی کمشنر آفس میں مشاورت کے لیے مدعو کیا، جہاں این ایچ اے ایکسپرٹس کی موجودگی میں حل پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے سربن چوک اوورہیڈ بریج کا بھی معائنہ کیا۔ این ایچ اے حکام نے بتایا کہ بریج کے دونوں اطراف سیڑھیوں کے سلوپ کم کرنے کی سفارشات بھجوائی گئی ہیں، تاکہ شہریوں کے لیے آمد و رفت مزید آسان بنائی جا سکے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد، ایس پی ٹریفک، اور این ایچ اے کے دیگر افسران بھی موجود رہے۔