دو اہم سڑکوں بوئی سنڑھاں بارہ کلومیٹر روڈ اور ستھل آٹھ کلومیٹر روڈ کا باضابطہ افتتاح

59

ایبٹ آباد: یونین کونسل بوئی سنڑھاں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے-42، سید جعفر شاہ نے علاقہ کی دو اہم سڑکوں بوئی سنڑھاں بارہ کلومیٹر روڈ اور ستھل آٹھ کلومیٹر روڈ کا باضابطہ افتتاح کیا۔

مقامی رہنماؤں، و ضلعی کارکنان اور کثیر تعداد میں عوام کی شرکت سے منعقدہ اس تقریب میں قائدین نے سید جعفر شاہ کے تعمیراتی و سماجی کاموں کو سراہا اور عوامی ترقی کے لیے ان کی خدمات کو نمایاں قرار دیا۔

بوئی سنڑھاں بارہ کلومیٹر روڈ کی تعمیر پر مجموعی طور پر تقریباً ایک کروڑ دس لاکھ روپے لاگت آئی، جبکہ ستھل تا سرھان آٹھ کلومیٹر روڈ 45 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوا یہ دونوں سڑکیں علاقہ میں رابطے کو بہتر بنانے کے لیے بنائی گئی ہے۔

دونوں سڑکوں کے مکمل ہونے سے گاڑیوں اور پیدل سفر کرنے والوں کے لیے آمد و رفت میں واضح بہتری آئے گی اور دور دراز دیہی علاقوں کا شہری مراکز سے ربط مضبوط ہوگا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکاء کو آئندہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
اس موقع پر سید عارف شاہ، سردار تاج محمد، کسان کونسلر بشارت، جنرل کونسلر اشفاق، حاجی سلیمان، حاجی یعقوب، سید ثاقب شاہ، سردار سعید ،چئیرمین سردار میرباز گجر اور متعدد مقامی سیاسی و سماجی رہنماؤں نے خطاب کیا ۔

انہوں نے سید جعفر شاہ کے عوامی مفاد کے منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ سید جعفر شاہ ہزارہ کے وہ واحد لیڈر ہے جو اپنے ذاتی خرچہ پر عوامی فلاح و بہبود کے کام کر رہے ہیں اور کروڑوں روپے کے کام کروا رہے ہیں جو عوامی خدمت کا جذبہ لے کر آئے ہیں اور اقتدار میں نا ہونے کے باوجود علاقے کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔

اس موقع پر سید جعفر شاہ نے اپنے خطاب میں کہاحلقہ کی تعمیر و ترقی میری اولین ترجیح ہے۔ سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے تاکہ ہر گاؤں تک بنیادی سہولیات پہنچیں۔ پانی کی فراہمی اور روڈ نیٹ ورک کے قیام کو میں اپنی اولین ترجیح قرار دیتا ہوں۔ عوام کی خدمت ہی میرا مشن ہے اور میں اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھوں گا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی علاقے کے اندر پانی اور سڑکوں کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کام جاری رکھے جائیں گے اور مقامی نمائندوں کے ساتھ مل کر ترجیحات طے کی جائیں گی۔

اس موقع پر شرکاء اور مقامی رہائشیوں نے سڑکوں کی تکمیل پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ان سڑکوں کی تعمیر سے طلبہ کے لیے اسکول آنے جانے کے اوقات میں کمی آئے گی اور طبی امداد کے حصول میں بھی بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں