مانسہرہ: تھانہ پھلڑہ حدود پولیس اہلکار کی جان سے مارنے کی کوشش، سکول ٹیچر محفوظ رہے. تفصیلات کے مطابق تھانہ بالاکوٹ میں تعینات پولیس اہلکار حوالدار مختیار نے ذاتی رنجش پر گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول مو ہاڑ پھلڑہ کے نیچر سکل ٹیچر گوہر رحمان ولد علی اکبر کو جان سے مارنے کی کوشش کی، تاہم بروقت مداخلت سے ٹیچر محفوظ رہے۔

واقعہ مورخہ 20 دسمبر 2025، صبح تقریباً 7 بجے پیش آیا۔ گوہر رحمان اپنے دیگر سکول اسٹاف کے ہمراہ سکول کی طرف جا رہے تھے جب تھانہ پھلڑہ کی حدود گجر گلی موڑ کے قریب ایک نامعلوم شخص نے اچانک کیری ڈبہ روڈ کے درمیان روک دیا۔ ذرائع کے مطابق اس شخص کے ہاتھ میں پستول موجود تھا اور اس نے اسٹاف کو رکنے کا اشارہ کیا۔
خوفزدہ عملے نے ابتداء میں خاموشی اختیار کی، لیکن بعد میں پولیس اہلکار نے شناختی کارڈ مانگا۔ اس دوران حوالدار مختیار نے نہ صرف شدید گالم گلوچ کی بلکہ گوہر رحمان کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ گوہر رحمان نے بتایا کہ حوالدار مختیار کا الزام تھا کہ اس کا بیٹا سکول میں ساتویں جماعت کا طالب علم تھا، جسے ایک ماہ قبل سکول سے ڈسچارج کیا گیا تھا، اور وہ اسی کا بدلہ لینے کے لئے اس پر تشدد کرنا چاہتا تھا۔ خوش قسمتی سے دیگر اسٹاف کی بروقت مداخلت سے حوالدار مختیار واپس چلا گیا اور گوہر رحمان کی جان محفوظ رہی۔
ماہرین کے مطابق یہ واقعہ غیر قانونی اور خطرناک ہے، جس میں پولیس اہلکار نے اپنے محکمے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ہتھیار کا استعمال کیا۔ متاثرہ ٹیچر نے موقف اختیار کیا ہے کہ حوالدار مختیار کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے اور ایف آئی آر درج کر کے ذمہ دار کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ گوہر رحمان نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ وہ اس واقعے کے سلسلے میں مکمل قانونی تحفظ چاہتے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر کاروائی کریں تاکہ مستقبل میں ایسے خطرناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔