مانسہرہ : مقبوضہ کشمیر میں مبینہ بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف گزشتہ روز ہزارہ یونیورسٹی میں 27اکتوبربطور یوم سیاہ منایا گیا۔
اس موقع پر یونیورسٹی کےوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں مختلف تعلیمی شعبوں کے فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات شریک ہوئے ۔
وائس چانسلر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر بھارتی حکومت و فوج کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم ناقابل برداشت ہیں اور اس وقت کشمیریوں پر ظلم و بربریت آخری حدوں کو چھو رہی ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام اس مشکل وقت میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اور ان کی اخلاقی و سفارتی مدد و حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ تمامتر مظالم کے باوجود کشمیریوں کی جدو جہد آگے بڑھ رہی ہے اور اللہ کی مدد سے کشمیر جلد ہی بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرے گا۔یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرزڈاکٹر فیصل نوروز نے ریلی سے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ بطور پاکستانی قوم ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھی جائے گی۔
ریلی کے شرکاءنے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی فوج کے کشمیریوں پر کئے جانے والے مظالم کی عکاسی کی گئی تھی۔ شرکاء نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے نعرے لگائے۔