ضلع تورغر کی ویلج کونسلوں کے چیئرمینوں اور سیکرٹریز میں لوڈر رکشے تقسیم

40

تورغر : صوبائی حکومت کے صاف و شفاف خیبرپختونخوا پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر تورغر انور زیب خان نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے ہمراہ ضلع تورغر کی ویلج کونسلوں کے چیئرمینوں اور سیکرٹریز میں لوڈر رکشے تقسیم کردئیے۔

اس سلسلے میں جدباء میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ویلج کونسلوں کے چیئرمین، سیکرٹریز اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ڈی سی تورغر نے ویلج کونسلوں کے نمائندوں کو صوبائی حکومت کے صاف و شفاف خیبرپختونخوا پروگرام کے تحت لوڈر رکشے حوالے کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے یہ اقدام عوامی سہولت اور صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ دیہی علاقوں میں بھی صفائی ستھرائی کا بہتر نظام قائم ہوسکے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف تورغر کے رہنما اور سابق ممبر ضلع کونسل امراللہ خان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تورغر ایک دشوار گزار پہاڑی ضلع ہے۔

جہاں وسائل کی کمی کے باوجود ہرویلج کونسل کو لوڈر رکشہ فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لائق محمد خان کی نگرانی میں تمام ویلج کونسلوں میں شفاف انداز میں صفائی عملہ بھی بھرتی کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف صفائی کے نظام میں بہتری آئے گی بلکہ مقامی غریب افراد کو ان کی دہلیز پر روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوئے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ صاف و شفاف خیبرپختونخوا پروگرام کی بدولت صوبے کے پسماندہ علاقوں میں صفائی و حفظانِ صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی بہبود کے منصوبوں میں شفافیت اور عملی بہتری لائی جارہی ہے۔تاکہ لوگوں کو ہرممکن سہولت ملی سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں