ہزارہ یونیورسٹی میں کیریئر کونسلنگ کے حوالے سے ایک معلوماتی سیمینار کا انعقاد

36

مانسہرہ : ہزارہ یونیورسٹی کے بٹگرام کیمپس اور ڈسٹرکٹ یوتھ آفس کے مشترکہ تعاون اور ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد کی ہدایات کی روشنی میں سے کیریئر کونسلنگ کے حوالے سے ایک معلوماتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سیمینار کا مقصد اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان طلباء و طالبات کو سول سروس اور پراونشل مینجمنٹ سروسز سمیت دیگر پیشہ ورانہ سروسز کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔سیمینار یو ٹی اسسٹنٹ کمشنر زحسیب پرویز کھٹانہ اور جنید ذاکر شامل تھے۔انہوں نے سیمینار میں شریک طلباء و طالبات کو سی ایس ایس اور پی ایم ایس امتحانات کے طریہ کار، اس کی تیاری ، وقت کے بہتر استعمال اور شخصی خود اعتمادی کے حصول کے طریقہ کار پر لیکچر دیا۔

مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر بٹگرا م نے شریک طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیمینار میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اپنے مستقبل کو لے کر سنجیدہ ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں اور آپ نے ہی عملی زندگی میں پاکستان کی باگ ڈور سنبھالنی ہے لہٰذا آپ محنت اور لگن کے ذریعے خود کو مقابلہ کرنا کا اہل ثابت کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بٹگرام کے قدرتی حسن اور سیاحتی امکانات کو اجاگر کرنا اور ضلع کے نوجوانوں کو بہترین مسقبل کیلئے ہر سطح پر رہنمائی مہیا کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے نوجوانوں کو کو مختلف مثبت سرگرمیوں کے ذریعے انگیج کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ نومبر کے دوسرے ہفتے میں Explore Battagram فوٹوگرافی مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں جبکہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبا کے مابین مضمون نویسی کے مقابلے کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔بٹگرام کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق انور خان نے ڈپٹی کمشنر اور یو ٹی اسسٹنٹ کمشنر ز کا کیمپس آمد پر خوش آمدید کہا اور مستقبل کے حوالوں سے نوجوان طلبا کی رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں