مانسہرہ: ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ہزارہ یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام novaXccelarate انٹرن شپ پروگرام 2025 کے کامیاب اختتام پر سرٹیفکیٹ ڈسٹریبیوشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان مروت تھے۔ مہمانِ خصوصی کا ڈیپارٹمنٹ پہنچنے پر چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف سی ایس اینڈ آئی ٹی ڈاکٹر مشتاق علی نے پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب کے آغاز میں ڈیپارٹمنٹ کی گزشتہ دو سالہ تعلیمی، تحقیقی اور انڈسٹریل سرگرمیوں پر مبنی ایک ڈاکومنٹری ویڈیو دکھائے گئی اور جسے شرکاء نے خوب سراہا۔
ویڈیو کے ذریعے طلباء و طالبات کی کامیابیوں، انٹرن شپ پروگرامز اور ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کی جھلک پیش کی گئی۔ چیئرمین ڈاکٹر مشتاق علی نے اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور طلباء و طالبات کو ان کی انٹرن شپ کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ novaXccelarate جیسے پلیٹ فارمز طلباء و طالبات کو انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے ڈیپارٹمنٹ کی مستقبل کی حکمت عملی اور وژن پر بھی روشنی ڈالی۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان مروت نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ آف سی ایس اینڈ آئی ٹی کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں اور طلباء و طالبات کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرن شپ جیسے پروگرامز طلباء و طالبات کی شخصیت سازی، اعتماد اور عملی صلاحیتوں کو نکھارنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ علم، اخلاق اور مہارت کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کریں۔ جبکہ انٹرن شپ مکمل کرنے والے 120 سے زائد طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ آخر میں چیئرمین ڈاکٹر مشتاق علی نے ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان مروت کو یادگار شیلڈ پیش کی۔ تقریب میں فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔