مانسہرہ : شعبۂ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات، جامعہ ہزارہ میں گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کی پُر وقار تقریب۔
جامعہ ہزارہ کے شعبۂ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات میں گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کے موقع پر ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں اساتذہ، طلبہ اور محققین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد گلگت بلتستان کی تاریخی جدوجہد آزادی اور موجودہ سماجی و سیاسی صورتحال پر روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیوں اور ان کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہرینِ سیاسیات نے گلگت بلتستان کے تاریخی پس منظر، آئینی حیثیت، اور ترقی کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی یکجہتی اور علاقائی ہم آہنگی ہی پاکستان کی مضبوطی کی بنیاد ہے۔
تقریب کے اختتام پر شعبے کے چیئرمین ڈاکٹر عادل خان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی علمی اور فکری سرگرمیاں نوجوانوں میں قومی شعور کو بیدار کرتی ہیں۔