20 روزہ سیول ڈیفنس آگاہی و تربیتی کورس کا انعقاد

30

بٹگرام : ڈائریکٹر سول ڈیفنس خیبر پختون خواہ جناب زاہد عثمان کاکاخیل صاحب اور ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سیول ڈیفنس بٹگرام کی جانب سے گورنمنٹ سنٹینیل ہائی سکول بٹگرام میں طلباء کے لیے 20 روزہ سیول ڈیفنس آگاہی و تربیتی کورس کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوان نسل میں شہری دفاع کی اہمیت، ہنگامی حالات میں فوری ردِعمل، اور اپنی و دوسروں کی جان و مال کے تحفظ کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔

تربیتی کورس کے اختتامی دن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) جناب ضیاالرحمن صاحب نے کورس کے شرکاء کو سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے، اور انہوں نے مختلف سیشنز میں شرکت کے دوران تربیت کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور طلباء سے براہِ راست گفتگو بھی کی۔

1. ابتدائی طبی امداد (First Aid) کی تربیت:
سیول ڈیفنس کے افسران نے طلباء کو ابتدائی طبی امداد کی عملی تربیت فراہم کی، جس میں معمولی زخموں، جلنے یا بے ہوشی کی حالت میں فوری اقدامات کے طریقے سکھائے گئے۔

2. آگ بجھانے کی مشق (Firefighting Drill):
طلباء کو آگ لگنے کی صورت میں محفوظ انخلا، آگ بجھانے والے آلات کے درست استعمال اور ابتدائی حفاظتی تدابیر کے بارے میں عملی مشق کروائی گئی۔

3. قدرتی آفات میں بچاؤ کے اقدامات:
زلزلے، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران خود کو محفوظ رکھنے کے طریقے اور کمیونٹی کی سطح پر باہمی تعاون کی اہمیت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

4. شہری دفاع کی اہمیت پر آگاہی لیکچر:
سیول ڈیفنس آفیسر نے شہری دفاع کے کردار، قومی سلامتی میں اس کے حصے، اور عام شہریوں کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) جناب ضیاالرحمن نے کہا کہ:

سول ڈیفنس کا بنیادی مقصد عوام میں آگاہی پیدا کرنا اور انہیں ایسی تربیت دینا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں خود کو اور اپنے اردگرد کے لوگوں کو محفوظ بنا سکیں۔ طلباء ہماری قوم کا مستقبل ہیں، ان کی ایسی تربیت ملک کے لیے سرمایہ ثابت ہوگی۔

اس موقع پر اسکول کے پرنسپل نے بھی سیول ڈیفنس کی ٹیم کے طرف سے تربیتی کورس منعقد کرنے پر پورے ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ:

ایسے پروگرام طلباء کے اندر نظم و ضبط، خدمتِ خلق اور عملی زندگی کے لیے تیاری کے جذبات پیدا کرتے ہیں۔

پروگرام کے اختتام پر طلباء میں سیفٹی آگاہی پمفلٹس اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ سیول ڈیفنس ٹیم نے اسکول انتظامیہ اور طلباء کی بھرپور شرکت کو سراہا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نےکہاکہ ضلع کے مختلف اسکولوں میں اسی نوعیت کے آگاہی و تربیتی پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ بٹگرام کے نوجوان شہری دفاع کے اصولوں سے مزید مستفید ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں